Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آرمی آفیسر کی اہلیہ کی پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی، آرمی چیف کا سخت ایکشن

شائع 21 مئ 2020 04:53pm

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حاضر سروس آرمی آفیسر کی بیگم کی ہزارہ موٹر وے چیک پوسٹ پر بدسلوکی کی ویڈیو پر سخت نوٹس لے لیا۔ متعلقہ آفیسر کے خلاف ادارہ جاتی ضابطے کی کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک حاضر سروس آرمی آفیسر کی اہلیہ کو پولیس اہلکار کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ہزارہ موٹر وے پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر خاتون نے اہلکاروں کو مغلظات بکیں اور دھمکیاں دیں۔ پولیس اہلکاروں کی جانب سے بار بار خاتون کو بتایا گیا کہ ہم آپ کو راستہ دے رہے ہیں تھوڑا صبر کریں مگر خاتون نے ایک نہ سنی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے خاتون سے کہا یہاں ناکہ صوبیدار کی کمان میں لگا ہے تو خاتون نے کہا 'صوبیدار کی کیا اوقات ہے میر سامنے، میں کرنل کی بیوی ہوں'۔

ویڈیو کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ہنگامہ بن گیا تھا اور اس وقت بھی ٹاپ ٹرینڈ 'کرنل کی بیوی' بنا ہوا ہے۔